ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ناگزیر ہے، شہباز شریف
لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد میر نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت دینی اقدار کے تحفظ اور شعائر اسلام کی پابندی کو یقینی بنائے گی اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جو اسلام اور اس کے بنیادی عقائد کے منافی ہو۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ناگزیر ہے، ختم نبوت (ص) کا عقیدہ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے، حکومت دینی اقدار کے تحفظ اور شعائر اسلام کی پابندی کو یقینی بنائے گی، کوئی بھی ایسا اقدام نہیں اٹھایا جائے گا جو اسلام اور اس کے بنیادی عقائد کے منافی ہو۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد میر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اس کا استحکام بھی اسلام کے نفاذ میں مضْمر ہے، اسلام اور ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے وہ کبھی دہشتگردی اور کبھی فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں، مگر ہم اغیار کی سازشوں کو متحد ہوکر ناکام بنائیں گے۔