نواز شریف کی برائیوں کیخلاف کھڑے ہونےکا فیصلہ کرلیا، آصف زرداری
لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف عدالتوں میں مقدمات لڑنے کے بجائے عدالتوں سے لڑ رہے ہیں اور ہم نے بھی نواز شریف کی برائیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں کی۔ اس موقع پر پنجاب کی روایتی سیاست اور آئندہ انتخابی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود کو بچانے کے لئے جمہوریت اور عدلیہ کو ناکام کرنا چاہ رہے ہیں، نواز شریف عدالتوں میں مقدمات لڑنے کے بجائے عدالتوں سے لڑ رہے ہیں، (ن) لیگ مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے دھونس پر اتر آئی ہے اورپورا نظام تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، (ن) لیگ اداروں کے ساتھ تصادم کر کے جمہوریت کی نفی کر رہی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پی پی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں ہیں، (ن) لیگ جمہوریت کو ناکام کر کے ہماری قربانیوں کو زائل کر رہی ہے، ہم نے تو جھوٹے مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کیا تو(ن) لیگ بھی کرے، مفاہمت جمہوریت کیلئے تھی نواز شریف کے لئے نہیں، اس لئے ہم نے نواز شریف کی برائیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔