سیاسی دہشت گرد کو معصوم کا لقب دیا جا رہا ہے
جب مرضی معصوم بنا دو جب مرضی لاڈلا بنا دو عوام بھیڑ بکریاں ہیں
لاہور: اسے اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا ہے ، سیاسی دہشت گرد کو معصوم کا لقب دیا جا رہا ہے ، اب یہ نہیں چلے گا
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدم اعتماد تحریک پر نااہل نے جیب سے کاغذ نکالا اور کہا امریکا نے سازش کی، سائفر کو لہرا کر کہا امریکا نے حکومت کے خلاف سازش کی جو چلتے چلتے باجوہ پھر محسن نقوی اور پھر شہباز شریف تک چلی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آئی تو آئین و قومی اسمبلی توڑی، انفارمیشن منسٹر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر سے اسمبلی تڑوائی کیا یہ معصوم شخص ہے؟ سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا کہ آئین توڑا گیا عدم اعتماد آئین میں درج ہے سازش نہیں، سیکریسی ایکٹ کو معصوم آدمی نے توڑا سائفر سے کھیلنے کی ہدایت بطور وزیراعظم دے کر آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو دھمکی دو، عدالت بلائے تو زیبا جج کو دھمکی دو، نو مئی کو شہدا کو رینجرز و پولیس کی گاڑیاں جلاؤ، زمان پارک میں پیٹرول بم کی ٹریننگ دی، تم معصوم ہو؟ تم جناح ہاؤس جلا دو میٹرو جلا دو، معصوم کو گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، سپریم کورٹ میں گاڑی میں بٹھاکر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی دہشت گرد کو معصوم کا لقب دیا جا رہا ہے، ملک کے ساتھ غداری کا آپ کو جواب دینا پڑے گا، پہلے کہتے تھے نااہل ہے، سائفر کا ڈرامہ آیا تو کہا معصوم ہے اسمبلی توڑ دو، جب مرضی معصوم بنا دو جب مرضی لاڈلا بنا دو عوام بھیڑ بکریاں ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ اسے اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا ہے اب یہ نہیں چلے گا، اگر نوازشریف جھوٹے مقدمات پر عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں تو تم سچے کیسز میں کیوں نہیں جاسکتے؟ عوام دیکھ رہے ہیں یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے، جیل میں سنگین الزامات و تحقیقات جاری ہیں اسے اپنا جواب دینا پڑے گا۔