مفتی عبدالقوی 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ملتان: ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں عدالت سے فراری کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم مفتی عبدالقوی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ پولیس نے مفتی عبدالقوی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جبکہ عدالت نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت میں مفتی عبدالقوی نے تھانہ میں 5 بار دل کا دورہ پڑنے کا بیان بھی دیا۔ مفتی عبدالقوی کے وکیل نے کہا کہ مقتولہ کے والد کے تتمیمہ بیان پر ملزم ٹہرایا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم وسیم کے بیان میں بھی مفتی عبدالقوی کا نام شامل نہیں۔ مفتی عبدالقوی کی عمر 60 سال ہے اور پولی گرافک کے ذریعے مفتی عبدالقوی کو شامل کرنا درست نہیں۔ اس پر عدالت نے مفتی عبدالقوی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں اعانت جرم کے نامزد ملزم مفتی عبدالقوی درخواست ضمانت خارج ہونے پر گزشتہ روز عدالت سے فرار ہوگئے تھے جنہیں مظفر گڑھ کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا اور انہیں تھانہ چہلہیک میں بند کردیا گیا تھا۔ پولیس نے آج مفتی عبدالقوی کو ہتھ کڑی لگا کر پولیس کی گاڑی میں عدالت پہنچایا ۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مفتی عبدالقوی کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین بھی ضروری ہے۔ قندیل بلوچ نے پریس کانفرنس میں بھی سیلفیوں کے بعد جان کو خطرہ کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔