پیپلز پارٹی کی قیادت نے حقیقی اپوزیشن چھوڑ کر مک مکا کا راستہ اختیار کر لیا ہے، وسیم افضل چن
سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق رہنماء اور سابق رکن پنجاب اسمبلی وسیم افضل چن نے سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے حقیقی اپوزیشن کی بجائے مک مکا کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن ادھورا چھوڑ کر کروڑوں عوام کو کرپٹ حکمرانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے اور وہی ملک کو درپیش سنگین بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، عمران خان نے عوام میں شعور بیدار کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کی موجودہ قیادت نے جیالوں کو بہت مایوس کیا، اس کے ساتھ مزید چلنا ممکن نہیں تھا، عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔