سردی کی شدت کے باعث پنجاب بھر کے اسکولوں میں 7 روز کی تعطیلات کا اعلان
لاہور: پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
پنجاب میں نمونیہ کے کیسز بڑھنے پر صوبائی حکومت نے کلاس ون سے نیچے نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کے لیے 7 روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نموینہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور چلڈرن اسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نموینہ کے مریض ہیں۔ سردی میں اضافے کے ساتھ وائرل نموینہ خصوصاً بچوں میں مرض بڑھ رہا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جی او آر 9 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن اسپتال سے آرہا ہوں، چلڈرن اسپتال کی ایمرجنسی میں ہر 10 بچوں میں سے 8 نمونیہ کا شکار ہیں، یکم جنوری سے 9 جنوری تک 36 بچے نمونیہ سے جاں بحق ہوگئے ہیں، نمونیہ سے فوت ہونے والے زیادہ تر بچے بالکل کم عمر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پریپ اور نرسری کی کلاسز 19 جنوری تک بند کر دی ہیں، پہلی کلاس اور دیگر کلاسز جاری رہیں گی لیکن 31 جنوری تک اسکولوں میں اسمبلی پر پابندی لگا دی ہے، صبح کے وقت سردی زیادہ ہوتی ہے، عمررسیدہ افراد بھی اپنی خوراک اچھی رکھیں، گرم کپڑے اور ماسک بھی ضرور پہنیں، بچوں کے اسکولوں میں ماسک کو لازمی کر دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پنجاب نمونیہ کے خلاف آگاہی مہم شروع کررہی ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ مارننگ شوز میں بچوں کے ماہر ڈاکٹروں کو مدعو کریں تاکہ لوگوں آگاہی ہو،بچے کو کھانسی، بخار یا گلے کی شکایت ہے تو بچے کو گھر پر ہی رکھیں اسکول نہ بھیجیں، نمونیہ سے نمٹنے کیلئے تمام ایس او پیز آج شام تک میڈیا پر جاری کردیے جائے گی، اسکول ڈیپارٹمنٹ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی سے دسویں تک اسکول بند کرنے کی ضرورت نہیں، بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں تو کوئی مسئلہ نہیں، اسکولوں میں بچے نیکرز نہیں پہنے گے، جیکٹس اور مناسب لباس پہنائے جائیں، 31 جنوری تک سختی نہ کی جائے، یونیفارم میں نرمی کررہے ہیں کیونکہ بچوں کو گرم کپڑوں میں رکھنا اس وقت زیادہ ضروری ہے
ان کا کہنا تھا کہ نمونیہ ہر سال آتا ہے پہلے کی طرح اس سال بھی اسے روک سکتے ہیں پریشانی کی بات نہیں لیکن سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، محکمہ صحت اور اسکول ڈیپارٹمنٹ اپنا اپنا کام کررہے ہیں، نمونیہ کے حوالے سے کمیٹی بھی بنا دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر فیڈ بیک دے گی۔