شیر اور لیڈر وہ ہوتا ہے، جو میدان چھوڑ کر نہ بھاگے : مریم نواز
خانیوال: آج مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں، یہ بزدلوں کی طرح جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، میدان چھوڑ کر نہ بھاگنے والا شیر اور لیڈر ہوتا ہے
خانیوال میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف واپس آیا ہے تو اس کی وجہ ہے، خانیوال میدان چھوڑ کر نہیں بھاگا۔
انہوں نے کہا کہ شیر اور لیڈر وہ ہوتا ہے، جو میدان چھوڑ کر نہ بھاگے، 2018 میں ہر جگہ دھاندلی تھی مگر خانیوال کے شیروں نے کسی کو گھسنے نہیں دیا۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ 2018 میں انہیں الیکشن چوری کرنا پڑا، عوام جانتے ہیں کہ مہنگائی کا ذمے دار نواز شریف اور ن لیگ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں، یہ بزدلوں کی طرح جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، نا میں نے اپنے باپ کا سر جھکنے دیا نا خانیوال کا، ہم نے جھوٹے کیسوں اور قید کا سامنا کیا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ آؤ مقابلہ کرو، میدان چھوڑ کر بھاگتے کیوں ہو؟ آج لیول پلیئنگ فیلڈ اور انتقام کے الزامات لگاتے ہو۔
انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ریاست پر حملہ کردو، کیا ن لیگی قائد نے کہا تھا کہ جعلی انٹراپارٹی الیکشن کراؤ۔
ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف نے کہا تھا شہدا کی یادگاروں کو جلاؤ، کیا ن لیگی قائد نے کبھی ٹانگ پر پلاسٹر چڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نکالا گیا تو اس کے ساتھی چھوڑ کر نہیں گئے، پوچھتی ہوں کہ کیا ن لیگی قائد کو اقتدار سے باہر کیا گیا تو اُس نے جھوٹا سائفر لہرایا؟
مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف نے کوئی قومی راز کھولا، چپ کرکے گھر چلا گیا، کیا ن لیگی قائد نے کہا کہ ڈنڈا لے کر پولیس والوں کی ہڈیاں توڑ دو۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے کے پی میں ایک جعلی انٹراپارٹی الیکشن کرایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو عوامی طاقت دیکھتے ہوئے اسے انتخابی نشان دیا گیا۔