راولپنڈی میں لڑکیوں کی بوری بند لاشیں ملنے کا پراسرار سلسلہ
راولپنڈی: ایک ہفتے میں تیسری لڑکی بوری بند لاش برآمد ہونے پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تھانہ ائیر پورٹ کے علاقے سے ایک اور 22 سالہ لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔ امدادی اداروں نے لاش کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔ لاش کی شناخت 22 سالہ تہمینہ کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون غریب آباد کی رہائشی اور 4 دن سے لاپتہ تھی۔ راولپنڈی میں ایک ہفتے میں 3 خواتین کی بوری بند تشدد زدہ لاشیں مل چکی ہیں تاہم پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور اعلیٰ حکام کے کان پر بھی جوں نہیں رینگ رہی کہ کون ہے جو اس طرح نوجوان لڑکیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کی لاشیں بوری میں بند کرکے پھینک رہا ہے۔ تھانہ ائرپورٹ کا ایس ایچ او اور متعلقہ ڈی ایس پی بھی غائب ہے اور رابطہ کرنے پر فون نہیں اٹھا رہے جب کہ پولیس کی قیادت نے بھی محض تفتیشی ٹیم بنانے پر ہی اکتفا کیا ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی اور فوری رپورٹ طلب کی ہے۔ ڈھوک نور میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 180 گھروں کی تلاشی لی اور مکینوں کے کوائف جمع کیے ہیں۔