پنجاب

ناصر شیرازی کے اغواء کا مقدمہ رانا ثناء اللہ پر درج ہونا چاہیے، چوہدری شجاعت

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ناصر شیزازی کے اغوا کا مقدمہ صوبائی وزیر قانون پر درج ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس کے رہنماؤں کی جانب سے ان کے اغوا کا الزام وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ پر عائد کیا گیا ہے اس لیے ان دونوں کیخلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے ناصر عباس شیرازی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بتایا گیا ہے کہ ناصر عباس نے رانا ثناء اللہ کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر رکھی ہے اور گزشتہ روز انہیں پولیس کی وردی والے مسلح افراد زبردستی اغوا کرکے ڈبل کیبن گاڑی میں ڈال کر لے گئے جب وہ واپڈا ٹاؤن لاہور میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جا رہے تھے جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے موجودہ حکمرانوں نے ہمیشہ آئین، قانون اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی ہیں، جس طرح انہوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں دن دیہاڑے 16 بیگناہوں کا پولیس کے ذریعہ قتل اور درجنوں نہتے افراد کو زخمی کیا وہ سب کے سامنے ہے اور ان کا خون ابھی تک انصاف کیلئے پکار رہا ہے، اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ان ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جاتا تو یہ اب تک اس طرح پولیس اور انتظامیہ کے ذریعہ مخالفین کو نشانہ نہ بنا رہے ہوتے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close