پنجاب
ناصر شیرازی بازیابی کیس، پولیس کا اظہارلاعلمی، عدالت کا 8 نومبر کو ہر صورت میں پیش کرنے کا حکم
لاہور: ہائیکورٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کے اغوا کیخلاف دائر رٹ پٹیشن پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کیس کی سماعت کی۔ لاہور پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی چوہنگ سید محمد اقبال شاہ عدالت پیش ہوئے اور اپنا جواب داخل کرایا۔ ڈی ایس پی سید محمد اقبال شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ناصر شیرازی لاہور پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں اور نہ ہی وہ لاہور پولیس کو مطلوب ہیں، انہیں لاہور پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔ فاضل جج نے کہا کہ کسی ادارے کو بھی ماورائے عدالت اقدام کرنے کا اختیار نہیں۔ فاضل جج نے ہدایت کی کہ ناصر شیزاری کو ہر صورت میں بازیاب کروا کر 8 نومبر کو ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئےاقدامات کریں۔