پنجاب

یوم اقبالؒ کی تقریبات جاری، مزارپر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

لاہور: مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے 140ویں یوم پیدائش پر پاک بحریہ کی جانب سے مزار اقبالؒ پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان رینجرز کی جگہ ذمہ داریاں سر انجام دینے والے روایتی لباس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جذبے اور ولولے سے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاکستان نیوی اور پاک رینجرز کے دستوں نے مزار اقبالؒ کے باہراپنی پوزیشنز سنبھالیں اور اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور کموڈور ساجد محمود شہزاد نے گارڈز کے دونوں دستوں کا معائنہ کیا۔ بینڈ کی دھن پر مخصوص انداز سے چلتے ہوئے پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبالؒ کے چاروں کونوں میں اپنی پوزیشن سنبھالی جبکہ پاک رینجرز کا دستہ روایتی انداز میں مزار سے رخصت ہوا۔ روایتی اعزازی گا رڈ کی تبدیلی کے بعد سٹیشن کمانڈر نیوی لاہور نے چیف آف دی نیول سٹاف اور پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سی پی او سیلرز کی جانب سے مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادرچڑھائی۔ بعد ازاں سٹیشن کمانڈر نیوی لاہور نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ سٹیشن کمانڈر نیوی کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال عظیم شاعر تھے جن کی شاعری آج بھی نسل نوء کی رہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ اقبال پر عمل کرکے ہم اپنی زندگیوں میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ اس موقع پر خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد بھی موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close