آج سے یکم جون تک بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آج سے یکم جون تک ملک کے بالائی علاقوں میں گردوغبار، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں اور آندھی سے محتاط رہنےکا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوسکتا ہے جب کہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ صورتحال سے نمٹنےکےلیے محکموں کو ایمرجنسی عملہ و مشینری تیار رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کوکچےگھروں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی، آندھی و جھکڑ سےکھڑی فصلوں، بجلی کےکھمبوں اورد یگر تعمیرات کونقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی زیادہ تر میدانی علاقوں میں سورج دن بھر آگ برسائے گا۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری تک زائد رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد کا درجہ حرارت بھی معمول سے تین سے پانچ ڈگری تک اوپر ہوگا۔ بعد دوپہر وفاقی دارالحکومت اور گر دو نواح میں آندھی چلنے کا امکان ہے۔