جماعت اسلامی کو تو اتنے ووٹ نہیں ملے جتنے دھرنے دیے ہیں
لاہور: جو 9 مئی کو ہوا سب کو یاد اور کیمرے میں محفوظ ہے۔ 9 مئی کے پیچھے جلسے، لانگ مارچ اور زہریلی تقاریر تھیں
حنا پرویز بٹ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جماعت اسلامی کو تو اتنے ووٹ نہیں ملے جتنے دھرنے دیے ہیں۔ دھرنا امیر کراچی سے دھرنا دے کر جماعت اسلامی کے امیر بن گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن سمجھتے ہیں کہ سارے مسائل کا حل دھرنا ہے تو دھرنا دیدیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کے پی میں پل ٹوٹ رہے ہیں اور وہ جیل میں بیٹھے آقا کو خوش کررہے ہیں، جوڈیشل کمیشن بنوانے کا خیال ایک سال کے بعد یاد آیا ؟۔ کیا حسان نیازی عمران خان کا بھانجا نہیں، یاسمین راشد یا اعجاز چوہدری بیٹے کو نہیں بتا رہے تھے حملہ کرنا ہے۔ اتفاق تھا کہ ہر شہر میں ایک ہی جگہ پر حملے کیے گئے جو فوجی تنصیبات یا کینٹ تھے۔ تمام دفاتر کو جلایا گیا، اب بانی پی ٹی آئی کیسے مُکرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل والا کہتا ہے اگر دوبارہ گرفتار کیا تو پھر ایسے ہی حملے ہوں گے۔ جوڈیشل کمیشن نہیں بننا چاہیے، وہ عدالتی ہتھوڑا سے ریلیف لینا چاہتے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں، جو 9 مئی کو ہوا سب کو یاد اور کیمرے میں محفوظ ہے۔ 9 مئی کے پیچھے جلسے، لانگ مارچ اور زہریلی تقاریر تھیں، جن میں وہ اکسایا کرتا تھا ۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے بزرگ ہیں، ان کے بیان پر سخت بیان نہیں دینا چاہتی۔ پاکستان میں جس کی حکومت ہے وہ کام کررہے ہیں وہ ہی سامنے نظر آ رہے ہیں۔