پنجاب

ہڑتال کو تمام تاجر تنظیموں اور صنعت کاروں کی حمایت حاصل ہے : جماعت اسلامی

عوام کو ریلیف دلوائے بغیر جماعتِ اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی

 لاہور: عوام نے حکومت کی طرف سے ہڑتال کو ناکام بنانے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر چاروں صوبوں سے پُر امن ہڑتال کی اطلاعات ہیں۔

جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی کی ہڑتال کو تمام تاجر تنظیموں اور صنعت کاروں کی حمایت حاصل ہے، عوام نے حکومت کی طرف سے ہڑتال کو ناکام بنانے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ ہڑتال کو تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیموں کی بھی حمایت حاصل ہے، مسائل حل نہ ہوئے تو تاجر اور صنعت کار تنظیموں سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ تاجر، وکلاء، نوجوان، مزدور اور کسان بھی ہڑتال کی حمایت کر رہے ہیں، دانشور، ڈاکٹر، انجینئر، خواتین اور تمام سیاسی کارکن سب پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ آج کی ہڑتال 25 کروڑ پاکستانی عوام کا حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف اتحاد ہے، ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدوں کو ختم کرنا ہو گا، حکومت فوری طور پر جماعتِ اسلامی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل کرائے، عوام کو ریلیف دلوائے بغیر جماعتِ اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن حق دو عوام کو تحریک کے آئندہ شیڈول کا جلد اعلان کریں گے، عوام پُر امن رہتے ہوئے آج کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close