فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے : عظمیٰ بخاری
توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوؤں کی بھی فکر ہو رہی ہے
لاہور: اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک کو بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے۔ عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور اپنے اصل دشمن کو پہچانیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوؤں کی بھی فکر ہو رہی ہے۔ مریم نواز توشہ خانہ کے چوروں کو بھی لگام ڈالیں گی اور کچے کے ڈاکوؤں کو بھی انجام تک پہنچائیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں کنورٹ ہو چکی ہے، ان کے پاس جلسے کیلیے فنڈز ہیں، نہ بندے اور نہ سہولت کاری۔ پچھلے ایک مہینے سے جلسہ جلسہ کا راگ الاپ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو اداروں کے خلاف آپ لوگوں نے جلسے میں زہر اگلنا وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں۔ فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے۔ اب ان کو ہیڈ لائنز میں جگہ بنانے کے لیے بھی مریم نواز کا نام لینا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک کو بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے۔ عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور اپنے اصل دشمن کو پہچانیں۔ یہ شخص جیل سے نکلنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی۔