معاشی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، نمائندہ آئی ایم ایف
آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز روئز کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ساتھ ہی مائیکرو اور میکرو اقتصادی ترقی کا توازن برقرار رکھنا بڑا چیلنج قرار دے دیا۔
آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز روئز کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف کے اکیسیوں پروگرام پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ 2023 میں حکومت نے کامیابی کے ساتھ معاشی بحالی کی طرف قدم بڑھایا۔ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی جبکہ زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ دیکھا گیا۔ اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو کم نہ سمجھا جائے۔
ایستر پیریز روئز کا کہنا تھا کہ 2024 کی توسیعی فنڈ سہولت میں معاشی بحالی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ محصولات کے نئے اہداف اور صوبوں کی شمولیت پر مبنی مالیاتی معاہدہ تجویز کیا گیا ۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ مائیکرو اور میکرو اقتصادی استحکام کا توازن برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے
نمائندہ آئی ایم ایف کا 2024 کے ای ایف ایف پروگرام کی کامیابی کیلئے مضبوط پالیسیوں پر زور۔ کہا نجی شعبے کیلئے قرضوں کی حوصلہ افزائی اور مالیاتی استحکام کیلئے مضبوط حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ غذائی اجناس کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول ختم کرنا اور تجارتی نرخوں کی اصلاح ترجیحات میں شامل ہے۔