پنجاب

قاضی فائزعیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے شہریت منسوخ کرنے کا اعلان

وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والے حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کےلئے فوری اقدامات کا حکم دیدیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کیلئے فوری کارروائی ہوگی، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں ایف آئی آردرج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔ حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کاسامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری بھی شریک تھے۔ قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

مبصرین کے مطابق لندن واقعہ انتہائی افسوسناک اور خوفناک ہےجسمیں شر پسندوں نے اخلاقیات اور انسانی تمیز اور تمدن کی تمام حدیں کراس کرتے ہُوئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس اور انکی اہلیہ کو بد ترین طریقے سے ہراساں کیا اور انکی گاڑی پر دہشت گردوں کی طرح حملہ آور ہوئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close