جوڈیشل مجسٹریٹ نے مصطفیٰ کانجو کو اشتہاری قرار دے دیا
لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے زین قتل کیس کے مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو کو ناجائز اسلحہ کیس میں اشتہاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ناجائز اسلحہ کیس میں ضمانت پر ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے مصطفیٰ کانجو کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیاجس پر عدالتی تعمیل کنندہ نے کہا کہ مصطفیٰ کانجو اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے اس کی گرفتار ی ممکن نہیں ہوسکی لہٰذا اسے اشتہاری قرار دیا جائے۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام ہے اور بیرون ملک فرارہے جبکہ جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہا جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ اکرم آزاد نے ملزم کو اشتہاری قرار دے کر ملزم کے نام پر موجود منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ کانجو پر غیر قانونی کلاشنکوف رکھنے کا مقدمہ درج ہے اور یہ وہی کلاشنکوف ہے جس سے ساتویں کلاس کے طالبعلم زین کو قتل کیا گیا تھا۔