لاہور: مشرف کو باہر جانے کی اجازت دینے پر پیپلز پارٹی کا مظاہرہ:حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی
لاہور: سابق صدر پرویزمشرف کو باہر جانے کی اجازت دینے پر پیپلز پارٹی نے لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کارکنوں نے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکن لاہور پریس کلب کے باہر جمع ہوئے ۔ان کارکنوں نے سابق صدر کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔اس موقع پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں معطل رہا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پرا۔ پارٹی کارکنوں نے اس موقع پر مشرف اور وفاقی حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نے مشرف سے اپنا مک مکا ثابت کر دیا ہے جس طرح مشرف نے ان کو واپس آنے دیا اسی طرح نواز شریف نے ان کو باہر جانے کی اجازت دے کر ان کا احسان اتارا۔ان کا کہنا تھا کہ مشرف کو بیماری کا بہانہ بنا کر باہر بھیجا گیا لیکن مشرف نے دبئی میں جاتے ہی اپنی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا یہ کون سی بیماری ہے جس کو بنیاد بنا کر مشرف کو جانے دیا گیا۔