لیگی رہنماؤں کی بلاجواز پروموشن انتہائی قابل مذمت ہے:نعیم الحق
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کی جانب سے مسلم لیگی رہنماؤں کی بلاجواز پروموشن انتہائی قابل مذمت ہے‘ سرکاری ٹی وی پنجاب حکومت کا ماؤتھ پیس بنا ہوا ہے‘ انہوں نے کہا کہ سندھ ‘ کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتوں کے حوالے سے انتہائی کم مواد نشر کیا جاتا ہے‘ شہباز شریف کی تقاریر براہ راست جبکہ دیگر صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بلیک آؤٹ کیا جاتا ہے اسی طرح حزب اختلاف کے قائدین کو مکمل نظر انداز جبکہ حکمران جماعت کے اراکین کو لائیو نشر کیا جاتا ہے۔ مسلم لیگ قومی ادارے کو اپنی جماعت کے میڈیا سیل کی طرح استعمال کرنے سے باز رہے۔ سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ شریف برادران سے وفاداریاں نبھانے کے بجائے ریاست سے وفاداری کا مظاہرہ کریں۔ پی ٹی وی قومی اثاثہ ہے جس پر تمام حکومتوں اور جماعتوں کو مساوی نشریاتی مواقع ملنے چاہئیں پی ٹی وی پر مسلط شریف برادران کی وفاداروں نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو قومی اسمبلی سمیت ملک بھر میں ان کے خلاف مہم چلائیں گے۔