کاروباری معاملات ہیں ، اعدادوشمار سے متعلق سوالات نہ پوچھیں: حسین نوازشریف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز شریف کاروبارشروع کیے جانے اور رقم سے متعلق سوالات پر برہم ہوگئے اور کہاکہ’معذرت چاہتاہوں ، یہ ہمارے کاروباری معاملات ہیں ،صحافیوں کو ایسے سوالات نہیں پوچھنے چاہیں ‘۔
’ شاہ زیب خانزادہ کیساتھ‘میں کتنا مارگیج ، کام کرنے کے طریقے اور پیسہ کمانے سے متعلق سوال کے جواب میں حسین نواز نے کہاکہ ایک صحافی کو ایک کاروباری شخص کے ساتھ ایسے سوالات نہیں کرنے چاہیں ، آپ سے درخواست کروں گا کہ مہربانی فرما کر آپ عمومی اور آن پالیسی جو چاہیں سوال پوچھیں لیکن اعدادو شمار رہنے دیں۔
حسین نوازکے جواب میں اینکرپرسن شاہ زیب خانزادہ کاکہناتھاکہ وہ بطوربزنس مین نہیں بلکہ وزیراعظم پاکستان کے صاحبزادے سے سوالات کررہے ہیں کہ اپنے اثاثے بتائیں ۔ حسین نوازشریف نے کہاکہ گزشتہ سال وزیراعظم نوازشریف نے 45لاکھ روپے ٹیکس دیا اور شاید رواں سال ا س سے زیادہ ٹیکس بن جائے ، میری فیملی نے بہت مصیبتیں برداشت کیں ، میرے بیٹے کو دوسال کی عمر میں جیلوں میں جا نا پڑا، آج بھی نفسیاتی طورپر مشکلات کا شکار ہیں ، والدہ اور خاندان کی دیگر عورتوں کیساتھ جو کچھ بیتا ، کسی نے نہیں پوچھا ، آج بیٹھ کر اعدادوشمار پوچھے جارہے ہیں ۔