عمران خان نے شوکت خانم کے چندے کے پیسے پراپرٹی کے کاروبار میں ڈبو دئیے :پرویز رشید
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے شوکت خانم کے چندے اور خیرات کے پیسے کو پراپرٹی کے کاروبار میں ڈبو دیا جس کے شواہد موجود ہیں ،عمران خان نے کہا تھاکہ وہ اپنا گھر بیچ کر شوکت خانم کا نقصان پورا کریں گے ،آج تک شوکت خانم کا نقصان پورا کیوں نہیں ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ اگر مسلم لیگ ن پر الزامات لگیں تو ہم خود کو احتساب کے لیے پیش کردیتے ہیں لیکن اگر عمران خان پر الزامات لگیں تو وہ اس کا جواب بھی نہیں دیتے ۔
اسلا م آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی سرمایہ کار کمپنی میں بھارتی لوگ بھی موجود تھے ،عمران خان بتائیں کے کمپنی میں بھارتی لوگ کیوں تھے ؟۔انہوں نے کہاکہ پاناما پیپرز میں جو کچھ آئس لینڈ کے وزیر اعظم کے بارے میں موجود ہیں اس پر وہ مستعفی ہوئے جبکہ پاناما پیپرز میں پاکستان کے وزیر اعظم کا نام تک نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز نے نجی معلومات کو پبلک معلومات میں تبدیل کر دیا جس میں ہزاروں لوگ جائز کام کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگوں کے بارے میں غلط کام کرنے کا انکشاف ہوا،جو لوگ غلط کاموں میں ملوث تھے ایسے لوگوں کے بارے میں بھی پاناما پیپرز نے بتا دیا ۔پرویز رشید نے کہا کہ پاناما پیپرز میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ حسن نواز،حسین نواز اور مریم نواز کسی غیر قانونی کام میں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ میں درختو ں ،ہائیڈل فنڈ میں اربوں روپے کے گھپلے ہوئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پر الیکشن کی دھاندلی کا الزام لگا یا گیا تو کمیشن بنا یا جس کا نتیجہ عوام کے سامنے آگیا ،اگر پارٹی کے کسی رہنما نے غلطی کی توپارٹی کے اندر احتساب کے نظام کے تحت اس کا استعفیٰ طلب کر لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت میں ہیں ،بہت سے لوگ الزامات کی بارش کر رہے ہیں جس پر حکومت نے ہر الزام کو جھوٹا ثابت کیا لیکن اگر شوکت خانم اور بنی گالا کے حوالے سے عمران خان کی بے قاعدگیوں اور مجرمانہ کارروائیوں کو منظر عام پر لایا گیا تو انہوںنے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا ۔پرویز رشید نے کہا عمران خان جانتے ہیں کہ ہمارے الزامات سچے ہیں اس لیے وہ جواب نہیں دیتے جبکہ عمر ان خان خود جھوٹے الزامات لگاتے ہیں جن پر ہم تمام حقائق قوم کے سامنے رکھ دیتے ہیں ۔