پنجاب

جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف بڑا آپریشن جاری

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور فراریوں کے خلاف رینجرز، پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس فوج کے تعاون سے ایک مربوط آپریشن کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر نے دیگر صوبوں میں ضرب عضب کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے بچنے کے لیے پنجاب کے جنوبی اضلاع روجہان، کیچ اور رحیم یار خان کے علاقوں میں پناہ لی ہے

لاہور کے اقبال پارک میں خود کش حملے کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں فوج نے کارروائیاں کی تھیں۔

چند روز قبل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہیں نہیں ہیں اور نہ کوئی نو گو ایریا ہے، اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔

وزیرِ قانون نے بتایا تھا کہ حکومت کے پاس تمام مدارس کے مکمل کوائف موجود ہیں کہ کس مدرسے میں کون اساتذہ آتے ہیں اور کون سے طالبعلم پڑھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام 15 ہزار مدارس کی جیو ٹیگنگ کے بعد 532 مدارس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

جب ان سے فوج کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا گیا کہ آئندہ دنوں میں پنجاب میں جاری آپریشنوں کا فوکل پرسن کون ہوگا، آئی ایس پی آر تفصیلات دے گا یا پنجاب حکومت؟ تو اس سوال کے جواب میں وزیرِ قانون نے کہا تھا کہ آپ نے راولپنڈی کے بیان کو غلط سمجھا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان مخالف ایجنسیوں کے کھلے کردار پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سکیورٹی اداروں کی طرف سے انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اس اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close