پنجاب

شہری کی شکایت پر شہبازشریف کی معذرت ، وی آئی پی موومنٹ کے دوران سڑکیں بلاک کرنے کا نوٹس لینے کی یقین دہانی

لاہور: ٹریفک بڑھنے کے ساتھ ساتھ بڑے شہروں میں ٹریفک جام رہنامعمول بنتاجارہاہے لیکن بعض اوقات کسی وی آئی پی موومنٹ یا حادثے کی وجہ سے بھی ٹریفک گھنٹوں جام رہتاہے ،وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے جام ایسی ہی ٹریفک میں ایک شہری 20منٹ تک پھنسا رہاجس کی شکایت وزیراعلیٰ پنجاب کو لگادی ، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نہ صرف اس پریشانی کا سامنا کرنے پر شہری سے معذرت کی بلکہ آئندہ اس مسئلے پر قابوپانے کیلئے یقین دہانی بھی کرائی ۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک پر شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تائید کرتے ہوئے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور بتایاکہ ترکی سے آئے ایک مہمان کی وجہ سے ایمبولینس سمیت عوام کو 20منٹ تک روکے رکھاگیا،سیکیورٹی ضروری ہے مگر عوام کے صبر اور زندگی کی قیمت پر نہیں، کوئی اورطریقہ نکالاجائے ، ہیلی کاپٹریا سڑک پر کوئی مخصوص لائن استعمال کرلیں لیکن عوام کو نفسیاتی مسائل یا احساس کمتری کاشکار نہ کریں ۔ 
اس شکایت پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنے پر شہری سے معذرت کرتے ہوئے لکھاکہ جہاں تک میری نقل وحمل کا تعلق ہے تو سیکیورٹی سٹاف کو واضح کی گئی ہے کہ سڑکیں بلاک نہ کی جائیں ، مزید پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کو ہدایت کروں گاکہ سیکیورٹی کے طریقہ کارمیں ترمیم کریں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ہرکسی کی سیکیورٹی یقینی بنائی جاسکے ۔ شہبازشریف نے لکھاکہ’میں ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں انتظار کرنا پڑا،مکمل تفصیلات متعلقہ حکام سے حاصل کروں گا‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close