اگلے 24 یا 48 گھنٹوں میں چھوٹو گینگ جہنم واصل یا ہتھیار ڈال دے گا، رانا ثنا اللہ
لاہور: وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اورایلیٹ فورس کے اہلکاروں کا مورال بلند ہے جب کہ اگلے 24 یا 48 گھنٹوں میں چھوٹو گینگ یا تو جہنم واصل ہوگا یا ہتھیار پھینکے گا۔
پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹو گینگ کے آپریشن میں پولیس اورایلیٹ فورس کے جوانوں نے بڑی بہادری اور جرأت کے ساتھ آپریشن میں حصہ لیا جب کہ پولیس نے پورے علاقے کو سیل کیا ہوا ہے، پولیس نے 2 دن قبل تین اطراف سے آگے بڑھنے کی کوشش کی جہاں دو جگہوں پروہ کامیاب رہے جبکہ تیسرے مقام پر انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اورجوان ٹریپ ہوئے جہاں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اورایلیٹ فورس کا مورال بلند ہے جب کہ اگلے 24 یا 48 گھنٹوں میں چھوٹو گینگ یا تو جہنم واصل ہوجائے گا یا ہتھیار پھینکنے پر مجبور ہوگا۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ چھوٹو گینگ کو اس علاقے سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا، پنجاب حکومت کا عزم ہے کہ اس علاقے کو ہر قیمت پر کلیئر کرکے چھوٹو گینگ کا صفایا کیا جائے، چھوٹو گینگ جرائم پیشہ افراد کا گروہ ہے پولیس کے جوانوں نے لڑتے ہوئے قربانی دی جو رنگ لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افواہ غلط ہے کہ وہاں پر اسلحے کی کمی تھی یہ واقعہ اس وقت ہوا جب پولیس نے حملہ کیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ چھوٹو گینگ کوئی حکومت مخالف گینگ تو نہیں یہ تو ریاست کے خلاف ہے جس کا کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا، آپریشن کے بعد بھی اس علاقے میں پولیس کی چوکی بنائی جائے گی تاکہ پہلے کی طرح دوبارہ چھوٹو گینگ نہ آسکے۔