ضلعی حکومت کا تعلیمی ادارے کی عمارت پر قبضہ
چنیوٹ میں ضلعی حکومت نے تعلیمی ادارے پر قبضہ کرکے عمارت میں دفاتربنا دیے جس کے سبب طالبات تعلیم سے محروم ہوگئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کی تحصیل لالیاں میں ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کالج کے عمارت پرضلعی محکموں نے اپنے دفاتر قائم کرلیے ہیں جس سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی کلاسز کے اجرا کا سلسلہ التوا کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔
ضلعی حکومت کی اس بے حسی کے سبب ادارے کے لیے خریدا گیا نیا فرنیچر بھی چنیوٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت میں انتظامی لاپرواہی کا شکار ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے ضلعی حکومت کو متعدد بار خطوط لکھے جانے کے باوجود افسران عمارت چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
اس سے قبل جیکب آباد کی تحصیل ٹھل سے منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی نے سرکاری اسکول پر قبضہ کر کے گھر میں تبدیل کردیاتھا ملک کے مختلف دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں یہ صورتحال عام ہے جہاں اکثر بااثر افراد اسکولوں کو اپنے ذاتی کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ کہیں اسکول کے میدان میں شادی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں کہیں انہیں بھینسوں کے باندھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔