عمران خان کو وہی بات منظور ہوتی ہے جو ان کے حق میں ہو، ایاز صادق
لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ہم نے 2013 سے ہی 2018 کے الیکشن کی تیاری شروع کردی تھی اور عمران خان کو وہی چیز منظورہوتی ہے جوان کے حق میں جائے۔
اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں علیم خان کے وکیل نے کہا کہ صرف کاغذات لینے کی خاطربیان حلفی جمع کرایا، علیم خان کو راہ فرار اختیار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جب کہ علیم خان کے وکیل اب الیکشن کمیشن سے بھاگنےکی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرکے فیصلہ دے کہ بیان حلفی اصلی تھے یا جعلی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ذمے داری پوری کرنے ،ایمانداری کا حلف اٹھایا ہوا ہے جب کہ الیکشن کمیشن فراڈ اور جعلی حلف نامہ جمع کرانے اور دھاندلی کا شور مچانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔
ایازصادق کا کہنا تھا کہ الیکشن پرجعلی تہمتیں لگانا کوئی طریقہ نہیں، ہم نے 2013 سے ہی 2018 کے الیکشن کی تیاری شروع کردی تھی، عمران خان کو وہی چیز منظورہوتی ہے جوان کے حق میں جائے۔ انکا کہنا تھا کہ علاقےمیں جاری ترقیاتی کاموں کوپایہ تکمیل تک پہنچایا، اپنےحلقےمیں صاف پانی اوربنیادی سہولتیں فراہم کیں اور تاجروں کےمسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کررہےہیں۔