شہباز شریف ’’شوبازی‘‘ چھوڑیں اور قوم کو سچ بتائیں، جہانگیرین ترین
لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میں نے 5 برسوں میں 27 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف شوبازی چھوڑیں اور قوم کو سچ بتائیں کہ شریف فیملی کا پیسہ کیسے باہر گیا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سنیئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کی طرح ان کے بچے بھی بیرون ملک میں مقیم ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ گھر بنانے کے لئے جو پیسہ باہر کیسے بھیجا گیا اور اس پیسے پر ٹیکس ادا کیا گیا یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ میں نے جائز طریقے سے پیسہ کمایا اور اس پر ٹیکس بھی باقاعدگی سے ادا کیا، اب شہباز شریف اور نواز شریف کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اپنے اثاثے اور باہر بھیجے گئے پیسے کی وضاحت دیں کہ اس کا طریقہ کار کیا تھا۔
جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مسلسل میرے خلاف بیانات دے رہے ہیں، وہ میرے گوشوارے دیکھ لیں کہ میں نے 5 سالوں میں 27 کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں دیئے جب کہ ہماری ایک شوگر مل نے 1 ارب 80 کروڑ کا ٹیکس ادا کیا، میں نے جو رقم بینکوں کے ذریعے بیرون ملک بھجوائی اس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف شوبازی چھوڑیں انہوں نے میرے دیئے ہوئے ٹیکس کا 20 فیصد بھی ادا نہیں کیا، وہ بتائیں کے 5 سالوں میں ہزاروں میں ٹیکس کیوں دیا قوم ان کے سچ کی منتظر ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی شکل میں ہم نے شریف برادان کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے اس لئے اب وہ خندہ پیشانی سے برداشت کریں۔ علیم خان نے کہا کہ میں لندن یا جدہ فرار ہونے والوں میں سے نہیں ہوں، اس لئے شہباز شریف میری فکر کرنے کے بجائے اپنے بھتیجوں کو فون کرکے وضاحت طلب کریں کہ انہوں نے کس طریقے سے بیرون ملک اثاثے بنائے۔