نواز شریف جمہوریت کے خلاف ہرسازش میں ملوث رہے، بلاول بھٹو زرداری
لاہور: چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور جب بھی جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہوئی وہ اِس میں ملوث رہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا وژن ہے، نواز شریف نظریات کے معنی کو نہیں سمجھتے، وہ اپنے ذہن کو تبدیل کریں اور ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دیں۔ نواز شریف نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور مفاد کی سیاست کی، جب بھی جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہوئی سابق وزیراعظم اِس کا حصہ بنے۔
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو کسی اور سے نہیں نواز شریف سے خطرہ ہے، جمہوریت کے استحکام کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں امریکا اوربھارت کے بجائے پاکستان کے لیےسوچناچاہیے اور اس کے لئے ہم عمران خان ، نواز شریف سمیت سب کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نوازشریف بھی جمہوریت کی قدرکریں گے۔