پنجاب
نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں چست جینز اور بھاری میک اپ پر پابندی عائد کر دی گئی
فیصل آباد : فیصل آباد کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں طالبات پر چست جینز زیب تن کرنے اور بھاری میک اپ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے اس پابندی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت طالبات یونیورسٹی میں تعلیمی اوقات کار میں بیش قیمت زیورات، بھاری میک اپ اور چست جینز زیب تن نہ کرنے کی پابند ہوں گی۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ طالبات پر یونیورسٹی میں آدھی آستین والے کپڑے زیب تن کرنے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخواہ کی سوات یونیورسٹی میں طلبا و طالبات کے ساتھ گھومنے اور اٹھنے بیٹھنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اگلے ہی روز یہ کہہ کر ہٹا دیا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس طرز کی پابندی عائد کرنے کے حوالے سے پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔