جنوبی پنجاب میں تیزاب گردی کے واقعات میں خطرناک اضافہ
ملتان: ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 10 ماہ کے دوران سینکڑوں خواتین پر تشدد ہوا جبکہ درجنوں تیزاب گردی کا بھی شکار ہوئیں، شالیمار کالونی کی رہائشی خاتون مسرت بی بی پر تین سال پہلے رشتے کے تنازع پر دو لڑکوں نے تیزاب پھینک دیا تھا جس سے مسرت کا چہرہ جھلس گیا۔ تین سال گزرنے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری تو دور پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تک درج نہ کیا۔ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے مطابق جنوبی پنجاب میں پچھلے 10 ماہ کے دوران 4225 خواتین پر تشدد ہوا، 71 خواتین تیزاب گردی کا شکار ہوئیں جبکہ حوا کی 51 بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ جنوبی پنجاب میں بربریت اور تشدد کے ان بڑھتے ہوئے واقعات کی بڑی وجہ یہاں کی پولیس کی خراب کارکردگی بھی ہے، جس کو دیکھتے ہوئے ظلم اور تیزاب گردی کا شکار خواتین کا اب قانون پر سے بھی اعتماد بھی اٹھتا جا رہا ہے۔