تحریک لبیک نے لاہور میں دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا
لاہور: تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک صراط مستیم کے سربراہ علامہ اشرف آصف جلالی نے لاہور میں احتجاجی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ہمارا دھرنا فیض آباد دھرنے سے مشروط نہیں، ہم اپنے دھرنے کے اختتام کا فیصلہ خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیرقانون رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے حلف میں ترمیم کرنیوالوں کے نام سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام کارکنوں کو ہدایت کرتاہوں کہ وہ فوری طور پرفیصل چوک پہنچیں۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ہم تھکے ہیں، جھکے ہیں اور نہ بکے ہیں، ہم شہداء کے خون کا حساب لیں گے، اگر دھرنے سے ایسے ہی اٹھ گئے تو شہداء کے لواحقین کو کیا منہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا دھڑن تختہ کرکے ہی اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ استعفے دے کر ہمارے دھرنوں میں شامل ہونیوالے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میرا ضمیر اٹھنے کی اجازت نہیں دے رہا، اب ہمارے لئے وزراء کے استعفے ثانوی حیثیت رکھتے ہیں، ہم اصل ذمہ داروں تک پہنچیں گے اور انہیں عبرت کا نشان بنائے جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔