تحریک انصاف اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کی مجرم ہے، شہباز شریف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اورنج لائن منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر کی مجرم تحریک انصاف ہے۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اورنج لائن منصوبے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے منصوبوں کی تائید ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں یہ منصوبہ پنجاب کا نہیں پاکستان کا ہے اوراس کی مخالفت کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم نے مل کر 22 ماہ تک اس منصوبے کے افتتاح میں تاخیر کروائی، پہلے 14 ماہ لاہور ہائیکورٹ اور پھر 8 ماہ تک سپریم کورٹ میں لگے اس تاخیر کی وجہ تحریک انصاف ہے جو عوام کی مجرم ہے اور عوام ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی مخالفین نے عوام سے بدلہ لیا یہ اورنج لائن منصوبے کو 22 ماہ تک تاخیر تک لے جانے کے مجرم ہیں، خود عوام کو لوٹ کر جہاز خریدتے ہیں، لمبی لمبی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں انہیں پاکستان کے مقاصد کا کوئی علم نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوامی منصوبے پر چھپ کر وار کیا ایسا وار بزدلی کا کام ہے ماضی میں بھی گندگی کی سیاست نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، خیبرپختون خوا میں ساڑھے چار سال گزرجانے کے باجود کوئی ترقیاتی یا عوامی منصوبہ سامنے نہیں آیا یہ لوگ کس طرح 2018 کے الیکشن میں عوام کا سامنا کریں گے۔