رانا ثنااللہ فوری مستعفی ہوں ورنہ عوام جوتے مار کر انہیں نکالیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ فوری مستعفی ہوں ورنہ عوام جوتے مار کر انہیں نکالیں گے۔ لاہور میں شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا فوری طور پر مستعفی ہوجائیں ورنہ عوام جوتے مار کر اقتدار سے باہر کردیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی بنائی جائے، ہم کسی بھی وقت حکومت کے خلاف احتجاج اور سڑکوں پر نکلنے کی کال دے سکتے ہیں۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جرم کی ذمہ دار تھی اس لئے ساڑھے 3 سال تک رپورٹ کو دبایا جاتا رہا، اور جب ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر علی نقوی نے جرات مندانہ فیصلہ کردیا تو حکومت نے فیصلے کو منظرِعام پر لانے کے بجائے ایک بار پھر عدالت سے رجوع کرلیا کیوں کہ رپورٹ کے ہرصفحے پر حکمرانوں کا قاتل ہونا لکھا ہوا ہے۔ جسٹس باقر نجفی رپورٹ نے چھپاہوا سچ بے نقاب کردیا اور عوام کو پتہ چل گیا کہ کس نے قتلِ عام کی سازش کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ باقرنجفی کمیشن میں بتایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے 3 قسم کی شہادتیں موصول ہوئیں، پہلی حکومتی وزرو گواہان اور سرکاری افسران کی پیشیاں، دوسری میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز اور تیسری خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی شہادتیں، عدالت میں پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے کوئی گواہ یا ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا گیا لیکن پھر بھی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ، وزیراعلیٰ شہبازشریف اور حکومتِ پنجاب کو ٹھہرایا ہے جو ہمارے مؤقف کی تائید ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے ظلم و بربریت کے خلاف آدھی جنگ جیت لی ہے اور وہ اب بھی میدان میں ہیں اور ہم ہرقدم پر ان کے ساتھ ہیں، کل سے شریف برادارن کے خلاف اہم کیسز کھل رہے ہیں جن میں حدیبیہ ملز، پاناما، ایل این جی اور نااہلی کیس شامل ہیں اب حکومت جو مرضی ہے کرلے یہ سب 30 مارچ سے پہلے باہر ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جرم ثابت ہونے پر استعفیٰ دینا عزت داروں کا کام ہے دنیا میں اس طرح کی درجنوں نہیں سیکڑوں مثالیں ملتی ہیں لیکن یہ لوگ شرافت و دیانتداری کے ساتھ خود کو پیش نہیں کررہے کیوں کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے اور بعض لوگوں کی قسمت میں ہی ذلیل و رسوا ہوکر جانا لکھا ہوتا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں پہلے ہی کہتا تھا کہ سپریم کورٹ سمیت دیگر عدالتوں سے کرپٹ اور قاتلوں کا ثبوتوں سمیت تابوت نکلے گا میری بات سچ ثابت ہوئی اور اب کہتا ہوں کہ ملک سے ظالموں، چوروں، قاتلوں اور خائن افراد کی سیاست کا خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ طاہر القادری انتخابات کے لئے الائسنز کو پسِ پشت ڈال کر ظلم کے خلاف اکٹھے ہونے کی دعوت دینے جارہے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تمام سیاسی جماعتیں مائنس نوازشریف فارمولے پر ایک ساتھ کھڑی ہیں۔