(ن) لیگ کی سیاست پہلے دن سے ہی منافقت پر مبنی ہے، اعتزازاحسن
لاہور: پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست پہلے دن سے ہی دوغلے پن اور منافقت پر مبنی ہے۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی بیرسٹر اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے لئے پاناما سے زیادہ اقامہ خطرناک ہے کیوں کہ کوئی غیرملکی کمپنی کے ملازم ہوتے ہوئے کس طرح ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے، نوازشریف غیرملکی کمپنی کے ملازم تھے جس کامطلب اپنی وفاداری کو تقسیم کرنا ہوتا ہے اور بیرون ملک ملازمت ہی ملک کے حلف کی خلاف ورزی ہے۔
اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے ہمیشہ سازش کی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست پہلے دن سے ہی دوغلے پن اور منافقت پر مبنی ہے، نوازشریف سازش کے عمل کو بخوبی جانتے ہیں انہوں نے پہلے جونیجو کو دھوکا دیا پھر ایجنسیوں سے پیسے لے کر دھاندلی کی، غلام مصطفیٰ جتوئی کے خلاف سازش میں بھی نوازشریف کا ہاتھ تھا، پھر ججوں کے ساتھ مل کر بے نظیر بھٹو اور پیپلزپارٹی کے خلاف سازش کی ٹیپ چلی ججز کو دھمکیاں دیں اور بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کو سزا ہوئی۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ سازش کرکے ہی وزارت کا منصب سنبھالا، عدلیہ اور جرنیلوں کے ساتھ مل کر سازش کرنے والے نوازشریف کا اس مرتبہ کام نہیں بن رہا اور انہوں نے عدلیہ کے ججز کا فیصلہ ماننے سے بھی انکار کردیا اور کہتے ہیں 5 ججوں کا فیصلہ کیسے مان لوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد کے قتل کا معاملہ انتہائی اہم ہے جس کی تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بننی چاہئے جس کی مانیٹرنگ جج کرے اور اس وقت تک شہبازشریف اور رانا ثنااللہ کو مستعفیٰ ہوجانا چاہئے۔