سی پیک عمران خان کی وجہ تاخیر کا شکار ہوا مگر اسے کوئی شرم نہیں آتی، سعد رفیق
لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہماری مخالفت کرو لیکن ملک کے ساتھ نہیں کھیلو جبکہ جمہوریت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ لاہور میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سی پیک عمران خان کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، یہ جھوٹا کہتا تھا چین کے صدر نے پاکستان نہیں آنا تھا جبکہ چین کے سفارتحانے نے بیان جاری کیا کہ چین کے صدر کو پاکستان آنا تھا، سی پیک کئی مہینے لیٹ ہوگیا مگر تمہیں شرم نہیں آئی، ہم کام کرتے اور آپ سازشیں کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو تماشا بنانے کی کوشش کی، کارکن جیلوں میں اور عمران خان بنی گالا میں پش اپ لگارہے تھے، معلوم نہیں عمران خان کے پیچھے کون سی طاقتیں تھیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کہا گیا الیکشن چوری کیا گیا، جہاں تم ہارتے ہو کہتے ہو دھاندلی ہوئی، جہاں جیتتے ہو تو کہتے ہو دھاندلی نہیں ہوئی، یہ کیسی چوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت سندھ کی حکمران ہے لیکن سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے، آصف زرداری کہتے ہیں کہ ہم کلین سوئپ کریں گے میں انہیں کہتا ہوں آپ کس طرح کلین سوئپ کریں گے جبکہ آپ کراچی کا کچرا تو اٹھا نہیں سکے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری مخالفت کرو لیکن ملک کے ساتھ نہیں کھیلو یہ پیغام سب کے لیے ہے اور یہ پیغام ان کے لیے بھی ہے جو ایم این ایز کو فون کرتے ہیں،(ن) لیگ نے جمہوریت کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا اور ہم جمہوریت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔