نواز لیگ والے امریکیوں کے جوتے پالش کرتے ہیں، عمران خان
شیخوپورہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ساری قوم کی نگاہیں حدیبیہ کیس اور چیئرمین نیب پر لگی ہیں جب کہ حدیبیہ کیس میں پورا شریف خاندان پھنسے گا۔ شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ زبردست استقبال پر شیخوپورہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کراللہ کا شکرادا کرتا ہوں۔ 4 سال پہلے شیخوپورہ میں جلسہ کیا، جس میں آج کے مقابلے میں 10 فیصد بھی لوگ نہیں تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز لیگ والے امریکیوں کے جوتے پالش کرتے ہیں، حدیبیہ کیس میں پورا شریف خاندان پھنسے گا۔ ساری قوم کی نگاہیں حدیبیہ کیس پر لگی ہیں جب کہ ختم نبوت کے معاملے پر لوگ سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی طرف دیکھ رہی ہے، پچھلے چیئرمین قمر زمان چوہدری قوم کے مجرم تھے، موقع ملا تو قمر زمان چوہدری کو نہیں چھوڑیں گے۔ وہ بڑے ڈاکوؤں کی چوری چھپا رہے تھے جب کہ قمر زمان چوہدری دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائیں انہیں واپس لاکر جیل میں ڈالیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے سیاست میں آنے پر ان لوگوں نے میرے خلاف بھرپور مہم چلائی اور یہودی ایجنٹ کے الزام لگائے، جب کہ آج خواجہ آصف مسلم لیگ (ن) کو لبرل اور پی ٹی آئی کو مذہبی جماعت کا حامی کہتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سارے خطے کے لیے پاکستان ایک مثال تھا، حکمرانوں کی بیرون ملک میں عزت ہوتی تھی لیکن آج کئی ممالک ترقی میں پاکستان سے آگے نکل گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ذریعے ملک سے پیسہ باہر بھیجا گیا، نوازشریف صرف پیسہ بنانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، انہوں نے پیسہ بنایا اور امیر ہوگئے لیکن عوام غریب تر ہو گئے تاہم جب تک حکمران اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا بند نہیں کرتے ملک ٹھیک نہیں ہو سکتا۔