آزادی مفت میں نہیں ملتی اس کیلئے دھرتی کے بیٹے قربانیاں دیتے ہیں، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی اس کے لیے دھرتی کے بیٹے قربانیاں دیتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جوہم آزاد ہیں اپنے بیٹوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے، ہمارے بہادر بیٹے آزاد دھرتی کے لیے قربانیاں دیتے ہیں جبکہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شمالی وزیرستان میں فوجی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن عزیز کی خاطراپنی قیمتی جانوں کی قربانی دی، قیمتی انسانی جانوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم وطن دشمنوں کیخلاف افواج پاکستان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کریگی، پاکستان انشاء اللہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کر دے گا اور ہم یہ جنگ جیت رہے ہیں، اللہ دہشت گردوں کو جلد نیست و نابود کرے۔