پنجاب

چیف جسٹس پاکستان کا لاہور کے سرکاری اسپتالوں کا ہنگامی دورہ

لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے میو اسپتال کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور کے تمام اسپتالوں کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لوں گا۔ پاکستان ویوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور میں ہی ہیں اور مختلف تقاریب میں شرکت کے علاوہ کیسز کی سماعت بھی کررہے ہیں۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف سیکرٹری کے مطمئن نہ کرنے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ علم ہی نہیں کہ پانی میں آرسینک کی مقدار کتنی ہے، آپ لوگ صرف خالی زبانی جمع خرچ کرتے ہیں، بھاری فیسوں کے باوجود نجی کالجز میں بچوں کو کیسا پانی مہیا کیا جارہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کہیں بھی عوام کے حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور جہاں بھی ایسی صورتحال نظر آئی میں خود پہنچ جاؤں گا، چیف سیکرٹری صاحب آپ پنجاب میں سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کریں ہم آپ کے اچھے اقدامات کو بھی سراہیں گے۔ چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ آپ اپنی تمام مصروفیات ختم کرکے ہمارے ساتھ رہیں، ہم بھی گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور میں ہی ہیں۔

کیس کی سماعت کے فوری بعد چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میو اسپتال لاہور اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ہنگامی دورہ کیا اور مریضوں سے ان کی شکایات بھی پوچھیں۔ چیف جسٹس نے اسپتال میں مردانہ اور زنانہ وارڈز کو الگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے جبکہ بنیادی سہولیات سے متعلق حکومتی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج تمام اسپتالوں کا دورہ کروں گا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لوں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close