نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے اور عدلیہ کی بالا دستی کو قبول کریں :سینیٹر سراج الحق
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اب تک اسی بات کو لے کر بیٹھے ہوئے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا ؟ نوازشریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے عدلیہ کی بالادستی اور فیصلے کو دل سے تسلیم کر لیناچاہیے ،انتخابات کا بروقت انعقاد ملک میں جمہوری پراسس کے تسلسل کے لیے نہایت ضروری ہے ،پارلیمنٹ سے حلقہ بندیوں کے حوالے سے بل کی منظوری کے بعد اب چہ میگوئیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرناچاہیے ،الیکشن کمیشن 2018 ءکے انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کو یقینی بنائے اور انتخابات کو دولت کا کھیل بنانے والوں کار استہ روکے، سیاسی جماعتیں کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کو اپنی صفوں میں گھسنے کا موقع نہ دیں اور سیاست کو کاروبار اور دولت سمیٹنے کا ذریعہ سمجھنے والی کالی بھیڑوں کو اپنی صفوں سے نکال باہر کریں،عوام کو دیانتدار اور اہل قیادت دینے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔