پیر حمید سیالوی کی پنجاب حکومت کو مستعفی ہونے کیلئے 31 دسمبر کی مہلت
گوجرانوالا: پیر حمید الدین سیالوی نے پنجاب حکومت کو مستعفی ہونے کیلئے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن دیدی۔ گوجرانوالہ میں ختم نبوت کانفرنس ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے پنجاب حکومت کو مستعفی ہونے کے لیے 31 دسمبر کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے کا وعدہ پورا نہیں کیا، شہباز شریف 31 دسمبر تک رانا ثناء سے استعفی دلوائیں ورنہ خود مستعفی ہوجائیں۔
پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ سب مل کر وعدہ کریں کہ کوئی ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گا، اگر کوئی معاملہ ہوا تو سب سے پہلے گولی کھاؤں گا، ہمارے جذبات سے نہ کھیلو بھڑک گئے تو ایوانوں تک جاپہنچیں گے، اگر شہباز شریف اپنے ایک نوکر وزیر کو نہیں نکال سکتے تو ملک کیسے چلائیں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ کو نہیں مانتے جہاں عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش کی گئی، کلمے کی بنیاد پر بنائے گئے ملک میں ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں ہونے دیں گے، اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو کروڑوں عوام دیوار بن جائیں گے، 31 دسمبر تک حکمران استعفے دے دیں، رانا ثناء اللہ کے بیان پر نواز اور شہباز شریف کیوں خاموش ہیں۔