پنجاب

پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ عمران خان اور اسکے دھرنے ہیں، احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 20 کروڑ عوام کا ملک پاکستان عمران خان کے ہاتھ میں کیسے دے دیا جائے، ان سے زیادہ تجربہ کار تو یونین کونسل کا چئیرمین ہوتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی عوام لالٹین اور موم بتیاں جلانے پر مجبور ہو گئے تھے، کارخانے کا مزدور بجلی نہ آنے کی وجہ سے جلاؤ گھیراؤ کر رہا تھا، کسی سے پوچھا جاتا کہ سب بڑامسئلہ کیا ہے تو جواب ملتا بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی لیکن 2017 میں کوئی یہ نہیں کہے گا بجلی اور دہشت گردی مسئلہ ہے، آج کراچی میں امن ہے، بلوچستان میں پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے جب کہ مزدور کارخانوں میں کام کررہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ عمران نیازی اور ان کے دھرنے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں پاکستان کا مسٹر کلین ہوں اور وہ پرویز مشرف جیسے مسٹر کلین ہیں، ہمیں صبح وشام درس دیتے ہیں کہ کرپشن ختم کروں گا جب کہ پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن پروری عمران خان نے کی، ملک کے سب سے کرپٹ افراد پی ٹی آئی کی چھتری تلے ہیں اور جتنی کرپشن عمران خان اور کے پی حکومت نے کی اس کا مقابلہ صرف (ق) لیگ سے کیا جاسکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بتائیں کے پی کے میں5 سال میں بھی احتساب کمیشن کیوں نہ بن سکا، پارٹی میں کرپشن کےخلاف آواز اٹھانے والے جسٹس وجیہ الدین کو کیوں نکالاگیا، صوبے میں 10 میگا واٹ بجلی بھی کیوں پیدا نہیں کی گئی، بدترین کرپشن کا الزام لگا کر آفتاب شیرپاؤ کو کابینہ سے نکالنے والے عمران خان بتائیں کہ انہوں نے شیرپاؤ کو شامل کرتے ہوئے سچ بولا تھا یا انہیں نکالتے ہوئے۔ ان کہنا تھا کہ حکومتیں چلانا اناڑیوں کا کام نہیں، 20 کروڑعوام کا ملک عمران خان کے ہاتھ کیسے دے دیں ان سے زیادہ تجربہ کار تو چیرمین یونین کونسل ہوتا ہے، نواز شریف اور ان ٹیم کا تجربہ تھا کہ آج سی پیک سے پاکستان کو توجہ کا مرکز بنا دیا، 3سال ہوگئے پشاور میں میٹرو کا ایک پہیہ نہیں چل سکا لیکن اس عرصے میں شہبازشریف نے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو چلا دی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن کا واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب روپڑے تھے، لیکن سیاسی مخالفین اس سانحے کو سیاست چمکانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں، اور ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کے لئے اے پی سی کی جارہی ہیں، میں طاہرالقادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی اے پی سی کا ایجنڈا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مرکوز کریں جو پاکستان کو للکار رہا ہے، آج قوم کو انتشار کی نہیں تحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close