این اے 154 پر ضمنی الیکشن روکنے کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج
ملتان: ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس امین الدین خان نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کی خالی نشست این اے 154 پر ضمنی الیکشن روکنے کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ہے۔ فاضل عدالت میں اوصاف ایڈووکیٹ نے قاضی مبین ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمنی انتخاب کا شیڈول چیلنج کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے نئے انتخابی اصلاحات ایکٹ کے تحت کمپیوٹرائزڈ فہرستیں نہیں بنائیں، جبکہ گزشتہ انتخابات کے بعد کئی ووٹرز 18 سال عمر کی ووٹرز کی اہلیت کو پہنچ چکے ہیں، نیز آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت قومی اسمبلی کے آخری 120 دنوں میں ضمنی الیکشن نہیں ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 12 فروری کو لودھراں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا ہے، اس لیے این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی شیڈول پر عملدرآمد روکا جائے، کیونکہ نئے ووٹرز اپنے قانونی حق سے محروم رہ جائیں گے۔ فاضل عدالت نے مذکورہ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر ابتدائی سماعت میں ہی خارج کر دی ہے۔