ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے، یہ صرف ٹرمپ کی بات نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوری حکمت عملی ہے، جاوید ہاشمی
ملتان: سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کے سہارے پر کھڑا ہے، پاکستان کی بنیادیں فوجی ڈکیٹروں نے کھود دی ہیں، بدقسمتی یہ ہے کہ ملک میں سول حکومت کو مفلوج کر دیا گیا ہے، سیاسی پارٹیاں اختلاف کرتی ہیں، ادارے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں، جرنیل اور ججز اپنی حدود میں رہیں۔ ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے، پرویز مشرف نے نائن الیون میں ملک بیچ دیا تھا، اب مسلم لیگ ن کی حکومت ہے، شکر ہے کوئی امریکہ کو آنکھیں دکھانے والا ہے۔
ملتان میں لیگی رہنما عمران ارشد کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک کے اندر غیر یقینی صورتحال ہے جو بہت خطرناک ہے، چھ ماہ بعد الیکشن ہیں پھر بھی ہر بندہ سوال پوچھتا ہے کہ الیکشن ہونگے؟ کچھ جرنیلوں کو اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ ملک کا کیا ہوگا، ان کو یہ پڑی ہے کہ ہم ملک پر قابض ہو کر فیصلے کریں، اس طریقے سے کوئی ملک چل نہیں سکتا، ہمارا پوری دنیا میں تماشہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سترسالوں میں 14 وزرائے اعظم کو نکالنے اور پھانسی دینے میں سپریم کورٹ کو استعمال کیا گیا، ہمارا سب سے بڑا ادارہ سپریم کورٹ ہے جہاں سے پاکستان کو مضبوط کرنے کے فیصلے آنے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادیں ڈکیٹرشپ اور فوجی حکومتوں نے کھود دی ہیں، کس وقت یہ عمارت گر پڑے، پاکستان صرف اللہ کے سہارے پر کھڑا ہے، ہمیں اللہ پر یقین ہے کہ پاکستان قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج مقدس ہے اس کو مقدس رہنا چاہے، آئی ایس پی ار کے ترجمان کا بیان لگتا ہے کہ وہ اپنی سول حکومت پر حملہ کر رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے، یہ صرف ٹرمپ کی بات نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوری حکمت عملی ہے، آج امریکہ کی معیشت کمزور ہے، دنیا میں جب بھی کہیں ووٹنگ ہوتی ہے تو امریکہ کے پاس صرف9 ووٹ ہوتے ہیں جبکہ 126 ووٹ اس کیخلاف ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جتنی فوجی حکومتیں آئیں وہ امریکہ کے ٹھیک اور غلط کاموں میں ہاتھ بٹاتے رہے، پرویزمشرف نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر امریکہ کا ساتھ دیا اور شمسی ائیربیس ودیگر ٹھکانے امریکہ کے قبضے میں دئیے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ آج ہمیں آنکھیں دکھا رہا ہے، پوری قوم کو متحد ہو کر ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دینا چاہیے۔