عوام انتخابات میں کامیاب کرائیں توگلی گلی انصاف لے کر آؤں گا، نواز شریف
کوٹ مومن: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ عدالتی لاڈلوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یہ جلسہ نہیں عدالتی فیصلے کےخلاف ریفرنڈم ہے، آج کاجلسہ اس بات کااعلان ہے کہ عوام کومیری نااہلی کا فیصلہ قبول نہیں، عوام بتا دے کہ اس نے عدالتی فیصلہ مسترد کردیا ہے، الیکشن میں عدالتی لاڈلوں کو لگ پتہ جائے گا، انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، لوگ جانتے ہیں کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے نے اسپتال کا پیسہ جوئے پر لگایا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو کام 20 برسوں میں نہیں ہوا وہ ہم نے 4 سال میں کر دکھایا، میرے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار آہستہ ہوئی ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آرہی ہے، اسٹاک ایکسچینج نیچے جارہی ہے۔ سازش کرنے والوں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پھر اٹھا لیا ہے، ملک میں انتشار پھیل رہا ہے، ترقی کا سفر سست ہونے میں شاہد خاقان عباسی کا کوئی قصور نہیں، وہ بڑی جوانمردی سے کام کر رہے ہیں۔ اس بارے میں شاہد خاقان عباسی سے نہیں عدالتی فیصلے سے پوچھا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ لاڈلا مانتا ہے کہ میری بھی آف شور کمپنی تھی، وہ نیازی لمیٹڈ کی ملکیت بھی مانتا ہے، عمران کہتا ہے کمپنی میری ہے لیکن عدالت کہتی ہے یہ کمپنی نیازی کی نہیں ہے، نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا۔ قوم کو عدالت کے انصاف کے دو پیمانے منظور نہیں، عوام انتخابات میں کامیاب کرائیں تو گلی گلی انصاف لے کر آؤں گا۔