عمران خان جیسا بھلا آدمی اور بشریٰ جیسی نیک بیوی نہیں دیکھی، خاور مانیکا
لاہور: بشریٰ مانیکا کے سابق شوہر خاور مانیکا نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے گھر کو مرشد خانہ سمجھتے ہیں، عمران خان جیسا بھلا آدمی اور بشریٰ جیسی نیک عورت نہیں دیکھی، ایسی خاتون کی ذات پر تبصرہ قابل افسوس ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کی خبر سے متعلق سابق شوہر خاور مانیکا کا اہم ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں خود سے اور اپنی سابق اہلیہ سے منسوب باتوں کو مسترد کرتا ہوں، مختلف خبروں نے ہمارے گھر کو کشمکش میں ڈال رکھا ہے، میں نے سابق اہلیہ بشریٰ جیسی نیک اور پاک بیوی زندگی میں نہیں دیکھی اور ایسی خاتون کی ذات پر تبصرہ قابل افسوس ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی بشریٰ مانیکا سے تیسری شادی کی خبریں زیر گردش ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی بشریٰ مانیکا سے شادی نہیں کی بلکہ انہیں صرف شادی کا پیغام دیا ہے اور یہ بیان ریکارڈ کی درستگی کے لیے دیا جارہا ہے۔