پنجاب

عمران خان کا نکاح ہوچکا ہے: مفتی عبدالقوی کا دعویٰ

ملتان: معروف مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں، ان کا بشریٰ مانیکا سے نکاح ہوچکا ہے۔ ملتان میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نکاح کی خبر آنا خوشی کی بات ہے ، ہم اس بات پر خوش ہیں کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر اپنی زندگی کا اہم فیصلہ کیا۔ انہوں ںے کہا کہ عمران خان کے مزاج میں کچھ روز کے دوران آنے والی واضح تبدیلی اس بات کی گواہ ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی رونما ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے مسلسل خاموشی برقرار رکھنا اور شادی کی خبر کو نہ جھٹلانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دونوں اپنی شادی کا اقرار کرچکے ہیں لیکن عمران خان کچھ سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے شاید ابھی اپنی تیسری شادی کا اعلان کرنا مناسب نہیں سمجھتے اس لئے ان کی جانب سے تاحال خاموشی ہے ۔ مفتی عبدالقوی نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کی جانب سے نکاح کا جس روز اقرار کیا جائے گا ان کے ولیمے کی دعوت کا اہتمام میری طرف سے کیا جائے گا ۔


یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان دو بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور دونوں بار ان کی ازدواجی زندگی کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکی۔ ان کی پہلی شادی گولڈ سمتھ خاندان میں جمائما گولڈ سمتھ سے 1995 میں ہوئی جن سے ان کے دو بچے ہیں لیکن بعد ازاں 9 برس بعد 2004 میں یہ شادی طلاق پر منتج ہوئی ، عمران خان نے دوسری شادی 6 جنوری 2015 کو ایک نجی ٹی وی کی میزبان ریحام خان سے کی مگر ان کی بدقسمتی کہ یہ شادی بھی محض 10 ماہ کے بعد 30 اکتوبر 2015 کو اپنے انجام کو پہنچ گئی۔


عمران خان کے مداحوں اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے مسلسل ان سے شادی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جس پر مجبور ہوکر عمران خان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے ان کی بہنوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی زندگی کے اتنے اہم فیصلے میں ان سے نہ تو مشورہ کیا ہے اور نہ ہی اس بات کی اجازت لی ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان کی تیسری شادی کامیاب ہوسکے گی یا ماضی کی روایات قائم رکھتے ہوئے تیسری بیوی کو بھی طلاق دے دیں گے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close