چکوال کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی فتح
چکوال: پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 چکوال کے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان 75 ہزار 655 ووٹ لے کر پہلے اور تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل 45 ہزار 702 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں اس طرح ن لیگ کے امیدوار نے 29 ہزار 953 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔
چکوال کے ضمنی انتخاب میں دو لاکھ 79 ہزار 530 ووٹرز کے لیے 227 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے جب کہ ایک لاکھ 44 ہزار مرد اور 1 لاکھ 35 ہزار خواتین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، نتائج سامنے آتے ہی چکوال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے آتش بازی شروع کردی۔
قبل ازیں چکوال کے حلقہ پی پی 20 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ صبح وقت پر ہی شروع ہوگئی تھی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی جب کہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
الیکشن کمیشن نے 45 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 82 کو حساس قرار دیا تھا جب کہ 1800 سے زائد انتخابی عملہ تعینات کیا گیا، 45 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئےاور آزمائشی بنیاد پر ووٹرز کی بائیومیٹرک تصدیق بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کی وفات کے باعث نشست خالی ہوئی تھی، 2013 میں (ن) لیگ نے یہ نشست 26 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔