زینب کے قتل کے دلخراش واقعہ پر قصور کی فضا آج بھی سوگوار،تمام مارکیٹیں،تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند
قصور: 7 سالہ زینب کے زیادتی کے بعدقتل کے دلخراش واقعہ پر قصورکی فضا آج بھی سوگوارہے، شہر میں تمام مارکیٹیں، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں اور وکلاءنے عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق قصور میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد دوسرے روز بھی حالات بدستور کشیدہ ہیں اور شہر کا دوسرے شہروں سے زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا،قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 7 سالہ بچی زینب کے قاتل اب تک گرفتار نہیں کیے جاسکے جس پر آج دوسرے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔قصور کا فیروز پور روڈ ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند ہے اور مظاہرین کا کالی پل چوک پر دھرنا جاری ہے جب کہ قصور کا دوسرے شہروں سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔قصور میں پرتشدد احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق شعیب اور محمد علی کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا جس کی رپورٹ آج آنے کا امکان ہے۔