جوہری صلاحیت مشرق کیطرف سے آنیوالے خطرات کیلئے ہے، پاک فوج
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ناکام ہو چکا ہے، جب کہ بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے، اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے پاکستان مخالف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔ آرمی چیف فور اسٹار عہدے کا افسر ہوتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک ذمہ دارانہ تقرری ہوتی ہے، اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اہم عہدے والوں کو زیب نہیں دیتے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے، لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا، جب کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا جواب دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانہ بنارہا ہے لیکن اس میں بھی وہ ناکام ہوچکا ہے اور اگر بھارت روایتی جنگ کے ذریعے ہم پر بھاری ہو سکتا تو اب تک ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ وارانہ فوج، ذمہ دار جوہری ریاست اور تحمل کرنے والی قوم ہیں اور پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنے والے خطرات کیلئے ہے، جب کہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت بھارت کو حملہ کرنے سے روک رہی ہے۔ واضح رہے بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاتے رہنا ہماری پالیسی ہے۔